مینگلور 29/اکتوبر (ایس او نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی ایک دن کے دورے پرآج اتوار کو ریاست کرنا ٹک پہنچے اور ساحلی شہر مینگلور سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے 75 کلومیٹر دور دھرمستھلا کے تاریخی مندرمنجوناتھیشور پہنچ کر بھگوان شیو کی پوجا کی پھر دھرم گُرو ڈاکٹر ویریندر ہیگڈے کے ساتھ اُجیرے پہنچ کرعوامی جلسہ سے خطاب کیا۔
مینگلور ائرپورٹ پر اُن کے استقبال کے لئے ریاست کے وزیر یوٹی قادرموجود تھے جنہوں نے پھولوں کے گلدستے کے ساتھ اُن کا ریاست میں پرتپاک استقبال کیا، جہاں سے وہ دھرمستھلا کے لئے روانہ ہوئے تھے۔ خیال رہے کہ یہاں 800 سال پرانا تاریخی مندر ہے۔
اُجیرے میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے دھرم ادھیکاری شری ویریندر ہیگڈے کی خدمات کی سراہنا کی اور اُن کے ذریعے انجام دئے جارہے کاموں پر اُن کی تعریفوں کے پُل باندھ دیئے۔
مودی نے کہا کہ کرنسی ہر دور میں بدلتی رہی ہیں اب 21 ویں صدی میں پوری دنیا میں ڈیجیٹل کرنسی کا زمانہ شروع ہوچکا ہے ایسے میں بھارت کو بھی دیر نہیں کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ چاہے ہم رہیں یا نہ رہیں، لیکن دیش کو برباد ہونے نہیں دیں گے، مودی کے مطابق ہم نے اپنے لئے جینا ہی نہیں سیکھا ہے۔جس منزل کو زندگی میں پانے کا فیصلہ کیا ہے، اُسے ہم حاصل کرنے کی کوشش کرتے رہیں گے۔
بعد میں وزیراعظم نریندر مودی بنگلور پہنچے اور پیلیس گرائونڈ پر عوام سے خطاب کیا۔ اُس پروگرام کو ساحل آن لائن پر لائیو ٹیلی کاسٹ کیا گیا، جسے ذیل میں پیش کیاجارہاہے۔